بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اعتکاف: بارگاہِ ایزدی میں بندگی کی معراج اور توبہ کی پناہ گاہ

اسلامی عبادات کے گلستاں میں ’’اعتکاف‘‘ ایک ایسا مہکتا ہوا پھول ہے جس کی خوشبو قرونِ اولیٰ سے انسانی روح کو معطر کرتی چلی آ رہی ہے۔ یہ محض ایک گوشہ نشینی نہیں، بلکہ کائنات کے خالق سے لو لگانے، دنیا کے ہنگاموں سے کنارہ کش ہونے اور اپنے رب کی چوکھٹ پر دستِ سوال دراز کر کے بیٹھ جانے کا نام ہے۔

اعتکاف: بارگاہِ ایزدی میں بندگی کی معراج اور توبہ کی پناہ گاہ

اعتکاف کی تاریخی قدامت اور قرآنی سند

اعتکاف کی جڑیں تاریخِ انسانی کے قدیم انبیائی تسلسل سے جڑی ہیں۔ یہ وہ عبادت ہے جسے اللّٰہ سبحانہ و تعالیٰ نے سابقہ انبیاءِ کرام علیہم السلام کے دور میں بھی مشروع فرمایا۔ قرآنِ مجید شاہد ہے کہ جب سیدنا ابراہیم خلیل اللّٰہ اور سیدنا اسماعیل علیہما السلام نے بیت اللّٰہ کی تعمیرِ نو فرمائی، تو باری تعالیٰ نے انہیں حکم دیا کہ وہ اس گھر کو معتکفین کے لیے پاک صاف رکھیں۔ 

﴿وَ اِذۡ جَعَلۡنَا الۡبَیۡتَ مَثَابَۃً لِّلنَّاسِ وَ اَمۡنًا ؕ وَ اتَّخِذُوۡا مِنۡ مَّقَامِ اِبۡرٰہٖمَ مُصَلًّی ؕ وَ عَہِدۡنَاۤ اِلٰۤی اِبۡرٰہٖمَ وَ اِسۡمٰعِیۡلَ اَنۡ طَہِّرَا بَیۡتِیَ لِلطَّآئِفِیۡنَ وَ الۡعٰکِفِیۡنَ وَ الرُّکَّعِ السُّجُوۡدِ (سورة البقرة: ۱۲۵)

ترجمہ: اور وہ وقت یاد کرو جب ہم نے بیت اللّٰہ کو لوگوں کے لیے ایسی جگہ بنایا جس کی طرف وہ لوٹ لوٹ کر جائیں اور جو سراپا امن ہو ۔ ( ٨١ ) اور تم مقام ابراہیم کو نماز پڑھنے کی جگہ بنا لو ۔ ( ٨٢ ) اور ہم نے ابراہیم اور اسماعیل کو یہ تاکید کی کہ : تم دونوں میرے گھر کو ان لوگوں کے لیے پاک کرو جو ( یہاں ) طواف کریں اور اعتکاف میں بیٹھیں اور رکوع اور سجدہ بجا لائیں ۔

گویا طواف کرنے والوں اور نماز پڑھنے والوں کی طرح اعتکاف کرنے والے بھی اس مقدس گھر کے خاص مہمان ہیں۔ اور اللّٰہ تعالیٰ اپنے جلیل القدر پیغمبروں کو جن کی خدمت پر مامور فرما رہا ہے، وہ ’’معتکفین‘‘ ہیں۔

سنتِ نبوی ﷺ اور دوامِ اعتکاف

سرورِ کائنات ﷺ کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ رمضان کے آخری عشرے کا اعتکاف آپ ﷺ کی مستقل سنت تھی۔ آپ ﷺ نے مدنی زندگی میں کبھی اس عظیم عبادت کو ترک نہیں فرمایا۔ امام زہریؒ اس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ لوگ سنتِ اعتکاف کو کیسے چھوڑ سکتے ہیں، جبکہ حضور ﷺ کی شان یہ تھی کہ آپ ﷺ بعض نفل کام کرتے بھی تھے اور چھوڑ بھی دیتے تھے، مگر ہجرت سے لے کر وفات تک آپ ﷺ نے اعتکاف کبھی ترک نہیں فرمایا۔

اس ہمیشگی کا تذکرہ احادیثِ مبارکہ میں یوں ملتا ہے:

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، قَالَ: «كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَعْتَكِفُ الْعَشْرَ الْأَوَاخِرَ مِنْ رَمَضَانَ» (صحیح البخاری)

ترجمہ: حضرت عبداللّٰہ بن عمر رضی اللّٰہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللّٰہ ﷺ رمضان کے آخری دس دنوں کا اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔

اسی طرح ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللّٰہ عنہا فرماتی ہیں:

«أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، كَانَ يَعْتَكِفُ الْعَشْرَ الْأَوَاخِرَ مِنْ رَمَضَانَ حَتَّى تَوَفَّاهُ اللَّهُ، ثُمَّ اعْتَكَفَ أَزْوَاجُهُ مِنْ بَعْدِهِ». (صحیح البخاری)

ترجمہ: نبی کریم ﷺ وفات تک مسلسل رمضان کے آخری عشرے کا اعتکاف فرماتے رہے، پھر آپ ﷺ کے بعد آپ ﷺ کی ازواجِ مطہرات نے بھی اعتکاف کا اہتمام کیا۔

اعتکاف میں کثرت اور امت کو پیغام

نبی کریم ﷺ نے اپنی حیاتِ مبارکہ کے آخری سال اس عمل میں مزید اضافہ فرمایا، جو اس عبادت کی غیر معمولی اہمیت پر دال ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللّٰہ عنہ سے مروی ہے:

«كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَعْتَكِفُ فِي كُلِّ رَمَضَانَ عَشْرَةَ أَيَّامٍ، فَلَمَّا كَانَ الْعَامُ الَّذِي قُبِضَ فِيهِ اعْتَكَفَ عِشْرِينَ يَوْمًا» (صحیح البخاری)

ترجمہ: رسول اللّٰہ ﷺ ہر رمضان میں دس دن اعتکاف فرماتے تھے، لیکن جس سال آپ ﷺ کی وفات ہوئی، اس سال آپ ﷺ نے بیس دن اعتکاف فرمایا۔

علماء فرماتے ہیں کہ آپ ﷺ کو اپنی وفات کا قرب منکشف ہو چکا تھا، اس لیے آپ ﷺ نے امت کو یہ پیغام دیا کہ آخری لمحاتِ زندگی میں اعمالِ خیر میں مزید جدوجہد کرنی چاہیے۔

اعتکاف کا فلسفہ اور شبِ قدر کی تلاش

اعتکاف کا اصل مقصد دنیاوی آلائشوں سے کٹ کر ’’شبِ قدر‘‘ کو پانا ہے، جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللّٰہ عنہ ایک طویل روایت میں بیان فرماتے ہیں کہ آپ ﷺ نے پہلے عشرے کا اعتکاف کیا، پھر دوسرے کا، اور پھر جب فرشتے کے ذریعے علم ہوا کہ شبِ قدر آخری عشرے میں ہے، تو آپ ﷺ نے خیمے سے سر مبارک نکال کر صحابہ سے فرمایا:

«مَنْ كَانَ اعْتَكَفَ مَعِي، فَلْيَعْتَكِفِ الْعَشْرَ الْأَوَاخِرَ، وَقَدْ أُرِيتُ هَذِهِ اللَّيْلَةَ ثُمَّ أُنْسِيتُهَا، وَقَدْ رَأَيْتُنِي أَسْجُدُ فِي مَاءٍ وَطِينٍ مِنْ صَبِيحَتِهَا، فَالْتَمِسُوهَا فِي الْعَشْرِ الْأَوَاخِرِ، وَالْتَمِسُوهَا فِي كُلِّ وِتْرٍ» (صحیح البخاری)

ترجمہ: جس نے میرے ساتھ اعتکاف کیا ہے وہ آخری عشرے کا بھی اعتکاف کرے، مجھے یہ رات دکھائی گئی پھر بھلا دی گئی، میں نے دیکھا کہ میں اس کی صبح گارے اور پانی میں سجدہ کر رہا ہوں، پس اسے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔

گناہوں سے ڈھال اور نیکیوں کا بہاؤ

معتکف کی مثال اس سائل کی سی ہے جو کسی سخی کے دروازے پر دھرنا دے کر بیٹھ جائے کہ جب تک مراد پوری نہ ہوگی، یہاں سے نہ اٹھوں گا۔ اللّٰہ تعالیٰ معتکف کو اپنی پناہ میں لے لیتا ہے۔ ابنِ عباس رضی اللّٰہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا:

«هُوَ يَعْكِفُ الذُّنُوبَ، وَيُجْرَى لَهُ مِنَ الْحَسَنَاتِ كَعَامِلِ الْحَسَنَاتِ كُلِّهَا» (سنن ابن ماجہ)

ترجمہ: معتکف گناہوں سے رکا رہتا ہے (محفوظ رہتا ہے) اور اس کے لیے تمام نیکیاں (جو وہ اعتکاف کی وجہ سے نہیں کر پاتا، جیسے عیادت یا جنازہ) اسی طرح لکھی جاتی ہیں جیسے ان نیکیوں کے کرنے والے کے لیے۔

جہنم سے دوری اور رضائے الٰہی کا حصول

ایک دن کا اعتکاف بھی اگر خلوصِ دل سے ہو تو وہ انسان اور دوزخ کے درمیان عظیم فاصلہ پیدا کر دیتا ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللّٰہ عنہما سے مروی ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا:

«وَمَنْ اعْتَكَفَ يَوْمًا ابْتِغَاءَ وَجْهِ اللَّهِ جَعَلَ اللَّهُ بَيْنَهُ وَبَيْنَ النَّارِ ثَلَاثَ خَنَادِقَ، كُلُّ خَنْدَقٍ أَبْعَدُ مِمَّا بَيْنَ الْخَافِقَيْنِ» (المعجم الأوسط)

ترجمہ: جس نے اللّٰہ کی رضا کے لیے ایک دن کا اعتکاف کیا، اللّٰہ اس کے اور جہنم کے درمیان تین ایسی خندقیں حائل کر دیتا ہے جن کی چوڑائی مشرق سے مغرب (آسمان و زمین) کے درمیانی فاصلے سے بھی زیادہ ہے۔

اسی حدیث کے آغاز میں آپ ﷺ نے یہ بھی خوشخبری سنائی کہ ’’جو شخص اپنے بھائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے چلتا ہے، وہ اس کے لیے دس سال کے اعتکاف سے بہتر ہے‘‘۔ یہ جملہ اعتکاف کی عظمت کو مزید اجاگر کرتا ہے کہ جب ایک دن کا اعتکاف جہنم سے اتنا دور کر دیتا ہے، تو اعتکاف کی حقیقت کیا ہوگی۔

اعتکاف کے اہم فقہی مسائل

اعتکاف کی تین اقسام ہیں: واجب (منت ماننا)، سنتِ مؤکدہ (رمضان کے آخری دس دن)، اور نفل (کسی بھی وقت کی نیت)۔

۱۔ اعتکاف کے فرائض اور شرائط

نیت: دل میں اعتکاف کا ارادہ کرنا شرط ہے۔

مسجد: مردوں کے لیے ایسی مسجد جہاں باجماعت نماز ہوتی ہو۔ خواتین اپنے گھر میں نماز کی جگہ (مسجدِ بیت) کو مخصوص کر لیں۔

روزہ: مسنون اور واجب اعتکاف کے لیے روزہ رکھنا ضروری ہے۔

۲ـ۔ مسجد سے نکلنے کے احکامات

معتکف (اعتکاف کرنے والا) مسجد کی حدود سے صرف دو ضرورتوں کے لیے نکل سکتا ہے:

طبعی ضرورت:  پیشاب، پاخانہ، غسلِ جنابت (اگر ضرورت ہو) اور وضو کے لیے۔

شرعی ضرورت: نمازِ جمعہ کے لیے (اگر مسجد میں جمعہ نہ ہوتا ہو)۔

تنبیہ: بلا ضرورتِ شرعی یا طبعی ایک لمحہ کے لیے بھی مسجد کی حدود سے باہر نکلنے سے اعتکاف ٹوٹ جاتا ہے۔

۳۔ اعتکاف میں کیا جائز ہے اور کیا نہیں؟

جائز امور: کھانا پینا (مسجد کے اندر)، سونا، ضروری بات چیت، اور نکاح پڑھانا۔

ممنوع امور: جماع (بیوی سے قربت)، بحث و مباحثہ، لڑائی جھگڑا، اور بلا ضرورت خاموشی کو عبادت سمجھ کر چپ سادھ لینا۔

اعتکاف کے دوران مسنون اذکار اور عبادات

اعتکاف کا وقت بہت قیمتی ہے، اسے فضول باتوں کے بجائے درج ذیل اعمال میں صرف کرنا چاہیے:

۱۔ تلاوتِ قرآن کریم

یہ اعتکاف کی بہترین مصروفیت ہے۔ کوشش کریں کہ ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ قرآن پڑھیں تاکہ اللّٰہ کے احکامات کو سمجھ سکیں۔

۲۔ کثرتِ استغفار اور توبہ

آخری عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے، لہذا درج ذیل دعا کثرت سے پڑھیں:

أَسْتَغْفِرُ اللهَ الَّذِي لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ وَأَتُوبُ إِلَيْهِ.

۳۔ لیلۃ القدر کی خاص دعا

حضرت عائشہ رضی اللّٰہ عنہا نے جب نبی کریم ﷺ سے پوچھا کہ اگر مجھے شبِ قدر کا پتا چل جائے تو کیا پڑھوں؟ آپ ﷺ نے یہ دعا سکھائی:

اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّي.

(اے اللّٰہ ! تو معاف کرنے والا ہے، معافی کو پسند کرتا ہے، پس مجھے معاف فرما دے۔)

۴۔ درود شریف کی کثرت

نبی کریم ﷺ پر درود بھیجنا دعاؤں کی قبولیت کا سبب ہے اور اس سے دل کو سکون ملتا ہے۔

حاصلِ کلام

اعتکاف محض مسجد کے ایک کونے میں بیٹھنے کا نام نہیں، بلکہ یہ دل کو غیر اللّٰہ سے خالی کر کے اللّٰہ سے بھر لینے کی مشق ہے۔ یہ مغفرت کا پروانہ حاصل کرنے کی بہترین تدبیر اور ربِ کریم کی رحمتوں کو سمیٹنے کا سنہری موقع ہے۔ خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں رمضان کے مبارک لمحات میں اللّٰہ کے گھر کی میزبانی نصیب ہوتی ہے۔